پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان و سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنا قد بڑھانے کیلیے نواز شریف کا نام بار بار کیوں لیتے ہیں ؟
وانا میں جلسہ عام میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر رد عمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب نواز شریف کو کچھ دینا آپ کی اوقات سے بڑی بات ہے، نواز شریف نے جب بھی کچھ مانگا اپنے اللہ سے مانگا۔
انہوں نے کہاکہ آپ کا لہجہ بتا رہا ہے کہ آپ اپنی نالائقی اور نا اہلی کے آگے بے بس ہو چکے ہیں، 16 ارب یومیہ قرضہ ، مہنگائی 10 فیصد، ترقی کی شرح 2.5 فیصد، پیڑول ، بجلی اور گیس مہنگی کرکے عوام پر اور کتنا ظلم کریں گے ۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران صاحب اپنی فکر کریں آج کل تو آپ کی عوامی این آر او کی مدت شروع ہو گئی ہے، شہباز شریف کے بڑے منصوبے چھوڑیں ایک میٹرو بنا کر دکھائیں، آپ کے پاس پیسہ ہو بھی تو آپ کے پاس صرف مایوسی ہے کیونکہ آپ نالائق اور نااہل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بارے میں آپ کا بیان افسوسناک اور آپ کی ذہنی پستی کی عکاسی کرتا ہے ،آپ کی زبان آپ کی تعلیم، تربیت اور ذہنیت کا خوب بتاتی ہے،آپ کی آج تقریر کے بعد یقین ہو گیا کہ اللہ آپ کو کبھی عزت نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت میں بد ترین مخالف دیکھے لیکن آپ سا کم ظرف مخالف سیاسی تاریخ میں نہیں دیکھا ۔
ان کا کہناتھا کہ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری دینے کے وعدے پرآپ کو زبان پھسلنے کا بہانہ نہیں بنانے دیں گے۔