وزیراطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 8 سے 10 روزمیں صوبائی کابینہ میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف پروپیگنڈے پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ محمود خان صوبے کے بااختیار وزیراعلی ہیں جو تمام فیصلے کرتے ہیں، وہ کم گو اورایماندارآدمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو آج بھی محمود خان پر اعتماد ہے اور ان کی کارکردگی باقی تینوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بہتر ہے۔
ان کا کہناتھا کہ حکومت کے اندر اختلافات کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں اور وزیراعلی کے اختیارات میں کوئی دخل اندازی نہیں کرسکتا، وہ پورے صوبے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، ان کی ذات پرآج تک کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکا۔
صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان تمام وزرا کی کارکردگی کی نگرانی کر رہے ہیں، 8 سے دس دن میں صوبائی کابینہ میں ردوبدل ہوسکتا ہے، اس کا سادہ فارمولہ ہے کہ کارکردگی دکھانے والے ہی کابینہ میں رہیں گے، جس وزیر کی کارکردگی نہیں ہوگی وہ گھر جائے گا۔