ایوب نے بھی کیس بنائے، ضیا ء نے بھی بنائے، ہم نے جیلوں کو قبول کیا مگر جبر قبول نہیں، سربراہ جے یو آئی
ایوب نے بھی کیس بنائے، ضیا ء نے بھی بنائے، ہم نے جیلوں کو قبول کیا مگر جبر قبول نہیں، سربراہ جے یو آئی

حکومت کیخلاف اسلام آباد میں جلدملین مارچ کریں گے۔مولانا فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جے یو آئی کے ملین مارچ کی کامیابی نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں جب کہ حکومت کی پالیسیوں کیخلاف بہت جلد اسلام آباد میں بھی ایک تاریخی ملین مارچ ہوگا۔

دورہ جوہرآباد کے دوران حکیم رشید احمد ربانی کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت تصور ہوئی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں رہا۔ روپے کی قدر میں کمی حکمرانوں کی ناکام اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

اْنھوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے دعویداروں نے اپنی غلط پالیسیوں اور ناقص حکمت عملی اپنا کر ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

اْنہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام موجودہ ظالم حکمرانوں کیخلاف سڑکوں پر ہوں گے اور اْن کا دھڑن تختہ کر دیں گے۔