اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ امریکا میں مشکوک پاکستانیوں کی واپسی سمیت کئی معاملات پر بات چیت جاری ہےجبکہ امریکی فیڈرل رجسٹری سے متعلق بہت سی خبریں میڈیا میں دیکھیں، میڈیا میں پھیلنے والی چہ میگوئیاں گمراہ کن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ویزا پالیسیوں اور بے دخل پاکستانیوں کی حوالگی کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں مشکوک پاکستانیوں کی واپسی سمیت کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے رائج قوانین کے مطابق اس معاملے پر کام کررہے ہیں، امریکی سفارت خانے نے قونصلر آپریشن معمول کے مطابق جاری رکھا ہوا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ امید ہے جاری بات چیت سے عام پاکستانیوں کی ویزا درخواستوں پر اثر نہیں پڑے گا۔