وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہاہے کہ میں پاکستانیوں کو خوشخبری سناتاہوں کہ وزیراعظم عمران خان دو مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہاہے کہ مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مدعو کیا گیا ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ مہمندڈیم کاپراجیکٹ 54سال سے پھنسا ہوا تھا،دیگرڈیمز پربھی اسی رفتار سے کام ہوگا۔ فیصل واوڈا کا کہناتھا کہ بیرونی اوراندرونی قوت نے مہمند ڈیم کوکالاباغ بنانے کی کوشش کی۔
دوسری جانب فیصل واوڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملہ ای سی سی کو بھجوا دیاہے اور اسے دوبارہ دیکھنے کی ہدایت کی ہے یعنی فیصلہ موخر کر دیا گیاہے اور عوام کو جتنا زیادہ ریلیف دیا جا سکا وہ دیا جائے گا۔