پاکستان کے تحفظ کیلیے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔فائل فوٹو
پاکستان کے تحفظ کیلیے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔فائل فوٹو

پیر افضل قادری نے تحریک لبیک سے سبکدوشی کا اعلان کردیا

تحریک لبیک کے مرکزی رہنما پیر افضل قادری نے اپنے ویڈیوبیان میں حکومت ، عدلیہ اور فوج سے معافی مانگتے ہوئے ، تحریک لبیک کی ذمے داریوں سے سبکدوشی کا اعلان کردیاہے ۔

پیر افضل قادری کی ایک تازہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پیر افضل قادری کہتے ہیں کہ میں حکومت ، عدلیہ اور چیف آف آرمی سٹاف کی دل آزاری پر انتہائی معذرت خواہ ہوں اورانشاءاللہ العزیز تحریک لبیک کے ذمہ داران صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اور قیادت کی بھاری ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے معاملات بہتر کرینگے اورمعاشرے کی اصلاح کیلیے کردار ادا کرینگے ۔

ان کا کہنا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کے آئین و قانون اور تمام اداروں کا احترام کیا جائیگا ، وطن عزیز پاکستان کی فلاح ، سلامتی ، امن و امان کیلیے اوربد امنی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرینگے ، پاکستان کے تحفظ کیلیے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اپنا نکتہ نظر قر آن و سنت اور آئین وقانون کی روشنی میں مناسب انداز میں بیان کیاجائیگا ،جلاﺅ گھیراﺅ اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی قطعا اجازت نہیں دی جائیگی،دہشت گردی ، قتل وغارت ، فتنہ فساد اور فرقہ وارانہ مسلح کارروائیوں کی حوصلہ شکنی کریں گے ۔

پیر افضل قادری نے کارکنوں کوہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں ، پر امن رہیں اور ملکی سلامتی کیخلاف تمام امور سے اجتناب کریں، کوئی کارکن غیر اسلامی و غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوا تو تحریک ڈسپلن کے تحت تادیبی کارروائی اور لاتعلقی اختیار کی جائیگی۔

ویڈیو کے آخر میں پیر افضل قادری اپنی تحریکی جدوجہد سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ علالت کے باعث گزشتہ سال ریٹائر منٹ کا فیصلہ کرلیا تھا اور احباب کو بھی مطلع کردیا تھا ، اب چونکہ صحت مزید علیل اور شدید جسمانی کمزوری واقع ہوچکی ہے لہذٰا تحریک کی عملی جدوجہد سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرتا ہوں۔