تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینے کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست جمع کرانے والوں میں فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور جویریہ ظفر شامل ہیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ہے کہ مریم نواز کی بطور پارٹی نائب صدر تقرری آئین و قانون سے متصادم ہے، مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کیلیے نااہل ہیں۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی تفصیلی ذکر موجود ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپنے پارٹی منشور کو آگے بڑھاتے ہوئے درخواست دائر کی، مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کو چیلنج کیا ہے، عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا گیا، جو شخص 62، 63 پر پورا نہیں اترتا وہ پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا مسلم لیگ ن کے اندر قیادت کا فقدان ہے، زبردستی کی ٹیسٹ ٹیوب لیڈر شپ لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ن لیگ والے چاہتے ہیں پاکستان میں رائے ونڈ کا قانون نافذ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاناما رانی پارٹی میں نائب صدر کا عہدہ نہیں رکھ سکتی، شریف خاندان کو ہر موقع پر پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا مریم نواز نے اپنے باپ کو جیل میں پہنچا دیا، مریم نواز نے لاہور کی گلیاں گھما کر نواز شریف کو جیل پہنچایا۔