وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہاہے ، کرپشن کے مرکزی کردار ایک ایک کر کے بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاقات کی جس دوران ملک کی سیاسی ، آئینی اور قانونی صورتحال پر مشاورت کی گئی ۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بابراعوان کا کہناتھا کہ قوم نے حکومتی پالیسیوں پر بھر پوراعتماد کا اظہار کیا ، قومی ترقی کیلیے اداروں کی مضبوطی اور تنظیم نو ناگزیر ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم میں تیزی عوامی مفاد میں ہے، کرپشن کے مرکزی کردار ایک ایک کر کے بری طرح بے نقاب ہو چکے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری ہے اور لوٹ مار کرنے والے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہو گا، پوری قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل فیصلے قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں اور پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے کیوں کہ ان کو اوپر لائے بغیر اقتصادی صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور سکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ سمیت دیگر اہم افراد شریک تھے۔
عمران خان کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20 اور آئندہ مالی سال مکمل ہونے والے منصوبوں کے بارے میں بریف کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے دور ان نالج اکانومی کے فروغ، زراعت، توانائی کے شعبوں اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو اوپر لانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کراچی کے لئے صوبائی اور مقامی حکومت کی مشاورت سے مربوط منصوبہ پر کام کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان نے ہدایت دی کہ زرعی شعبے میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت مختلف منصوبے شروع کر دیے جاتے تھے لیکن منصوبوں کی تکمیل اور فعالیت پر توجہ نہیں دی جاتی تھی جس کے سبب لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا تھا۔