مشیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدراوررکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مشیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ قوم جانتی ہے سارے چور شور مچا رہے ہیں، ابھی اور مچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی قیادت پراعتماد کرتے ہیں جو قوم کی امید ہیں، چیخیں ان کی نکل رہی ہیں جو ملک کو آئی ایم ایف تک پہنچانے کے ذمے دار ہیں،چیخیں ان کی نکل رہی ہیں جو لٹیرے ہیں،ان کا مال انہیں رُلا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کی پرفامنس کی قیمت سندھ کے بچے اپنی جانوں سے ادا کر رہے ہیں، اسلام آباد میں شور کے بجائے بلاول کو سندھ کے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ ہونا چاہیے۔
مشیر اطلاعات کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فردوس باجی چیخیں ان بسوں کی بریکوں کی نکل رہی ہیں جو آپ وزارت سے جاتے ہوئے ساتھ لےگئی تھیں، فردوس باجی آپ کی حکومت کی پالیسی کے مطابق چیخیں تو عوام کی نکل رہی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ فردوس باجی چیخیں آپ کی نکل رہی ہیں کیونکہ ابھی تو نوکری شروع ہوئی اور جلد ختم ہونے والی ہے۔