یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو
یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو

مڈٹرم انتخابات نہ ہوئے تو مارشل لا لگ سکتا ہے۔احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو کسی بڑے بحران سے بچانا ہے تو پھر 2020 کو انتخابات کا سال بنانا پڑے گا نہیں تو ملک میں مارشل لا لگے گا یا کوئی غیر جمہوری مداخلت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی طور پر یہ خیال ہے کہ کوئی اور چوائس نہیں رہ جائے گی کہ ہم مڈ ٹرم الیکشن کی طرف جائیں،بجٹ سیشن کے دوران شہباز شریف ملک میں موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہا کہ اگر کوئی اور ملک ہوتا تو سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف فراڈ کا کیس درج ہو جاتا،تحریک انصاف مریم نواز کی قیادت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی میں کافی تاخیر ہوئی ہے، پچھلے ایک سال میں ہماری قیادت کیسز کی وجہ سے جیلوں میں رہی، پھر نواز شریف کی صحت کے مسائل کی وجہ سے تنظیم سازی میں تاخیر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل آگنائزر کمیٹی بنائی گئی تھی جس کا مجھے کنوینیر بنایا گیا تھا اور اس کمیٹی کو یہ ذمے داری سونپی گئی تھی کہ پارٹی کے جو خالی عہدے ہیں ان کو پر کرنے کے لیے تمام صوبوں سے مشاورت کرکے تجاویز کو حتمی شکل دی جائے،ہم نےکوشش کی ہے کہ نئے لوگوں کو بھی موقع دیا جائے۔

اس دفعہ چار اہم عہدوں پر مرکز میں ہماری نوجوان پارلیمنٹرینز خواتین کو موقع دیا ہے تاکہ خواتین کو بھی مسلم لیگ (ن) میں زیادہ سے زیادہ موقع دیا جائے کہ وہ بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز سمیت جتنے لوگوں کو بھی عہدے دیئے گئے ہیں ان میں کوئی بھی غیر فعال نہیں ہے،ہماری یہ سخت شرط ہے کہ تمام عہدیداروں کو اپنے عہدے جسٹیفائی کرنے پڑیں گے ،اس لیے مریم نواز بحیثیت نائب صدر اپنے عہدے کو سرگرمی سے ادا کریںگی۔اُنہوں نے مختصر عرصے میں اپنی جگہ بنائی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ پارٹی کو مضبوط کریں، ہمیں یقین ہے کہ ان کی انڈیکشن سے پارٹی مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مریم نواز کی قیادت کو مزید مضبوط کرنے کے لئے کام کر رہی ہے،پی ٹی آئی والے مریم نواز سے اتنے خوف زدہ ہیں اور مریم نواز کا اتنا ہوا اُن پر سوار ہے جو سب دیکھ رہے ہیں۔