حکومت نے میٹروبس پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور نجی ٹی وی چینل کے مطابق اس سلسلے میں وزیراعظم عمرا ن خان نے منظوری بھی دیدی تاہم انتہائی حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ حکومت نے میٹروبس پر1بلین کی سبسڈی ختم کرکے جہانگیرترین کی شوگر ملز سمیت شوگرملوں کو 21.44بلین کی سبسڈی دیدی۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ممکنہ طورپریہ فہرست مئی 2018 کی ہےلیکن تصدیق نہیں ہوسکی تاہم مئی میں تحریک انصاف کی حکومت اقتدار سنبھال چکی تھی۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے شوگرملوں کی فہرست اور ملنے والی سبسڈی کی تصویرشیئرکرتے ہوئے لکھا ’کہ ایک بلین سبسڈی ختم کرکے تقریباً 20بلین سبسڈی شوگرملز کودیدی گئی ، مجھے اس طرح کے نئے پاکستان کی ضرورت نہیں، پرانے پاکستان میں بہت خوش تھا جہاں ایک غریب شخص آسانی سے لاہور میٹرومیں سفر کرسکتاتھا‘۔
فہرست کے مطابق جے ڈی ڈبلیو شوگرملز کو سب سے زیادہ 2.06بلین کی سبسڈی دی گئی اور یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جے ڈی ڈبلیو گروپ کے ڈائریکٹر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین ہیں۔