سابق وزیرخزانہ اسد عمر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سید نوید قمر نے سابق وزیرخزانہ کا نام تجویز کیا اور ممبر قومی اسمبلی نصراللہ خان دریشک نے بھی حمایت کی۔
قبل ازیں فیض اللہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین تھے۔ اسد عمر کو چار روز قبل ہی مذکورہ کمیٹی کا ممبر بنایا گیا تھا۔
چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے گزشتہ ماہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے اور کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد ازاں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ اسد عمر نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔