سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ پٹواری نظام فرسودہ ہوچکا اس میں سنگین کرپشن ہے۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے زمین منتقلی میں پٹواری اور تحصیلدار کا کردار ختم کرنے کے فیصلے پرنظرثانی درخواستوں کی سماعت کی۔
وکیل حسن رضا پاشا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پورا نظام رک چکا ہے اورایک رجسٹری بھی نہیں ہو رہی۔
درخواست گزار کے وکیل طارق محمود نے کہا کہ بلوچستان میں تو ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ نافذ ہی نہیں ہوا، پھر بھی زمین منتقلی سے روک دیا گیا ہے، کسی نے تو ریکارڈ کو رکھنا ہے، پنجاب تو پہلے ہی بہت سا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر چکا ہے۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی نظر ثانی درخواستوں پرجواب جمع کروانا چاہتی ہے۔ جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ پٹواری نظام اب فرسودہ ہو چکا ہے،اس نظام میں سنگین کرپشن ہے، جوابات آنے دیں پھرکیس کو تفصیل سے سنیں گے۔
سپریم کورٹ نے پنجاب، بلوچستان اورخیبرپختون خوا کی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت رمضان کے بعد ملتوی کردی۔