کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے نائب امیر مولانا عبدالرحمٰن مکی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیاگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم فلاح انسانیت اورجماعت الدعوہ کے نائب امیرمولانا عبدالرحمٰن مکی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیاگیا ہے،عبدالرحمٰن مکی پرکالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے متعلق اشتعال انگیزتقریریں کرنے کاالزام ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا عبدالرحمٰن مکی کی نقص امن عامہ کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی، مولانا عبدالرحمٰن مکی نے گزشتہ دنوں گوجرانوالہ میں کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پرتقریر کی تھی، اس کے علاوہ مولانا مکی نے عوام سے اپنی تنظیم فلاح انسانیت کے نام پر چندے کے اپیل بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پرپابندی عائد کی تھی جس کے بعد کریک ڈاؤن کرتے ہوئے،ملک بھر میں تنظیم کی مساجد، مدارس اور اسپتالوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔