عبدالعلیم خان کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔فائل فوٹو
عبدالعلیم خان کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔فائل فوٹو

عبدالعلیم خان کوٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبدالعلیم خان کو کوٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے عبدالعلیم خان کا بھرپوراستقبال کیا گیا اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے عبدالعلیم خان کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے انھیں رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ نیب عبدالعلیم خان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ انویسٹمنٹ کرنے والے کسی شخص نے عبدالعلیم خان کے خلاف بطور گواہ بیان نہیں دیا۔

ضمانت کے فیصلے میں کہا گیا کہ عبدالعلیم خان کے اثاثے ان کی وزارت سے پہلے یا بعد کے ہیں۔ برطانیہ میں عبدالعلیم خان کے فلٹیس بارے ابھی تک ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے۔