وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دیدی گئی۔
اجلاس میں 15مئی کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی ۔حکومت کی جانب سے کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، 10 لاکھ نوجوان اس پروگرام سے براہ راست مستفید ہوسکیں گے،وزیراعظم کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نوجوانوں کو قرضے ملنے سے نوکری کی تلاش سے بچ جائے گا اوراپنا کام کرے گا، بینک 6 فیصد سود پرایک سے پانچ لاکھ تک کے قرضے دے گا اور نوجوان کو 10 فیصد ایکوٹی دینا ہوگی۔
5 لاکھ قرض کے لیے 50 ہزار روپے ایکوٹی جمع کرانا ہوگی اور بینک 6 فیصد سود پر قرض دے گا، اسی طرح 5 سے 50 لاکھ پر قرض کے لیے ایکوٹی 20 فیصد ہے اور بینک 8 فیصد سود پر قرض دے گا۔
فردوس عاشق اعوان کا کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں ڈالر کی بڑھتی قدر پر غور کیا گیا، موجودہ حکومت کو جو خراب معاشی صورتحال ملی، اس پر بھی غور کیا گیا، وزیراعظم نے عزم کو دہرایا کہ مشکل صورتحال سے نکلنے کے لیے عوام کی طاقت ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ ماضی کی حکومتوں کے معیشت پر خودکش حملے پر جلد ہی خود بات کریں گے، ماضی کی حکومت نے معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔