مشیراطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کچھ شرپسند عناصرپاکستان کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتے ہیں۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایک جھتے کی جانب سے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بڑی قربانیوں کے بعد قبائلی علاقوں میں امن بحال ہوا ہے، وزیراعظم نے قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اقدامات ہو رہے تھے، قبائلی عوام کے حقوق کے لیے مثبت پیش رفت کو آغاز ہوا، قبائلی عوام کو قربانیوں کے ثمرات ملنے کا وقت آیا تھا، لیکن کچھ لوگ بین الاقوامی قوتوں کے آلہ کار بن گئے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کر کے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا تھا، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو چھڑانے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام ملک کی تعمیر ترقی میں ہراول دستہ بنیں گے،عوام ان گروہوں سے لاتعلقی کا اظہار کر کے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد حکومتی ردعمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کا ایکشن آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔