پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کہ وفاق ہم سے ہسپتال چھین رہا ہے،وفاقی حکومت کو وارننگ دیتا ہوں، ہسپتالوں کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، اپنا حق لینے کے لیے سندھ کی عوام کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے۔
ہماری پارٹی وفاق کی طرف سے صحت، گیس اور پانی کے معاملے پر زیادتی برداشت نہیں کرے گی اور اگر دوبارہ ون یونٹ بنانے کی کوشش کی گئی تو دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔
سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں چلڈرن اسپتال آمد پر ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ کے عوام کے پیسے سے اسپتال بنائے ہیں، یہ(حکومت) خود نہیں بنا سکتے تو سندھ کے اسپتال چھین رہے ہیں۔
چیئرمین نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے تین اسپتالوں کے امور سنبھالنے کا نوٹیفکیشن واپس نہ لیا تو اپنا حق لینے کے لیے سندھ کی عوام کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہ ہم کسی سے بھیک نہیں اپنا حق مانگتے ہیں، حکومت سندھ کو پانی کا حصہ بھی نہیں دے رہی اور یہاں کے عوام کو معاشی طور پر مفلوج بنایا جا رہا ہے۔
لاڑکانہ میں ایڈز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تعداد واقعی پریشان کن ہے لیکن اسے ایمرجنسی کی صورتحال نہیں کہا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت جان بوجھ کر ایڈز کے بارے میں خوف پھیلا رہی ہے ایسے میں میڈیا کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔