دونوں ممالک کے حکام ملاقات کے ایجنڈے کی تیاری میں مصروف ہیں۔فائل فوٹو
دونوں ممالک کے حکام ملاقات کے ایجنڈے کی تیاری میں مصروف ہیں۔فائل فوٹو

عمران اور مودی کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات کا امکان

وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرغزستان میں 13 اور 14 جون کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی سائیڈ لائن میں وزیراعظم عمران خان اور نریندرا مودی کے درمیان ملاقات کے قوی امکانات ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے ذرائع نے ہمسائیہ ممالک کے سربراہان کے مابین پہلی ملاقات کی تصدیق کردی ہے اور دونوں ممالک کے حکام ملاقات کے ایجنڈے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جیت کی مبارکباد دینے کے لیے ٹیلیفون کیا تھا جس میں باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا، ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے نریندر مودی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

لوک سبھا انتخابی عمل دوران پاکستانی وزیراعظم نے مودی کی جیت کو پاکستان کے لیے آئند قرار دیا تھا کیوں کہ اس طرح مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہوگی جو کہ کانگریس کی حکومت میں کٹر ہندو اپوزیشن جماعت بی جے پی کے ہوتے ہوئے ممکن نہ ہو پاتا۔ بی جے پی حکومت میں ہوگی تو اپوزیشن جماعت کانگریس روڑے نہیں اٹکائے گی۔