پاکستان کو ایشیا سے آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) سمٹ بیورو کا وائس چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔
او آئی سی سربراہان مملکت کا اجلاس 31 مئی کو مکہ مکرمہ میں منعقد ہوگا جس میں وزیراعظم عمران خان خود شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے ظلم وجبر سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار کیا جا رہا ہے۔ او آئی سی ارکان اقوام متحدہ کے انکوائری کمیشن کے قیام کے لیے تعاون کریں۔ مودی کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مبارک باد دی، تقریب حلف برداری میں نہ بلانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
تفصیلات کے مطابق کونسل آف فارن منسٹرز کا 14 واں اجلاس جدہ میں ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔ کونسل میں او آئی سی سربراہان مملکت اجلاس کے ایجنڈے پر اتفاق رائے کیا گیا جس کا اجلاس 31 مئی کو مکہ مکرمہ میں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان مکہ کانفرنس میں خود شریک ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کونسل کے شرکا کو بتایا کہ ظلم وجبر سے کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار کیا جا رہا ہے۔ او آئی سی ارکان اقوام متحدہ کے انکوائری کمیشن کے قیام کے لیے تعاون کریں۔ کمیشن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔
وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال اور اسرائیل کے مظالم پر بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان ایسی آزاد فلسطین ریاست کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ کونسل نے متفقہ طور پر پاکستان کو ایشیا سے او آئی سی سمٹ بیورو کا وائس چیئرمین منتخب کر لیا۔