وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جن کی بے نامی جائیدادیں ہیں اور وہ ٹیکس نہیں دیتے ان کو 30 جون تک موقع مل رہا ہے کہ وہ اپنی بے نامی جائیدادیں ظاہرکردیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر لوگ ٹیکس نہ دیں تو حکومت صحیح معنوں میں عوام کی خدمت نہیں کرسکتی، نہ ہی اسپتال بن سکتے ہیں نہ ہی اسکول و دیگر عوامی ادارے بنائے جاسکیں گے۔
ملک میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت وہ لوگ جن کی بے نامی جائیدادیں ہیں اور وہ ٹیکس نہیں دیتے ان کو 30 جون تک موقع مل رہا ہے کہ وہ اپنی بے نامی جائیدادیں ظاہر کردیں، 30 جون کے بعد کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 30 جون کے بعد آپ کو موقع نہیں ملے گا کیوں کہ اداروں کے پاس تمام ریکارڈ آگیا ہے، اداروں کے پاس جائیدادوں اور دولت سے متعلق معلومات آچکی ہیں اورمزید بھی آرہی ہیں۔ لیکن جب آپ کے اثاثے ظاہر ہوجائیں اور آپ ٹیکس ادا کریں گے تو ملک معاشی بحران سے نکل آئے گا، سب سے بڑھ کراثاثے ڈیکلیر کرنے والے بے فکر ہوں گے، کوئی آپ کو تنگ نہیں کرسکے گا، آپ لوگ سکون کی نیند سو سکیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ او آئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم آج پہلے مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہوں نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور مسجد نبویﷺ میں نوافل ادا کیے۔