وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے عید کے پہلے روز تمام ٹرینوں کے کرایوں میں 50 فیصد کمی کا اعلان محض دعویٰ ثابت ہوا ،سٹی اسٹیشن کراچی میں بکنگ کے لیے جانے والے مسافروں سے ٹکٹ کے پورے پیسے وصول کیے جارہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ عید الفطر کے موقع پر ٹرین میں سفر کرنے والوں سے نصف کرایہ وصول کیا جائے گا ۔
وفاقی وزیر کے اس اعلان کے باوجود کراچی کے سٹی اسٹیشن میں مسافروں سے عید کے دن کیلیے بکنگ کرانے والے مسافروں سے پورا کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔
اس ضمن میں ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے ابھی کوئی نوٹی فکیشن موصول نہیں ہوا ہے ۔نوٹی فکیشن ملنے کے بعد ہی کرایوں میں کمی کی جاسکتی ہے ۔
ادھر مسافروں کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کے احکامات کی ریلوے حکام نے دھجیاں اڑا دی ہیں ۔انہوں نے شیخ رشید احمد سے اپیل کی کہ وہ اپنے احکامات پر عملدرآمد کے لیے فوری طور پر ہدایت جاری کریں۔