شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں پاک فوج کی گاڑی پرفائرنگ اوربم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان پاک فوج کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سپاہی عامل شاہ شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دہشت گرد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے،5 ماہ کے دوران 5 سپاہی شہید اور 31 زخمی ہو چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملے کا واقعہ بھی دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے باعث پیش آٰیا تھا۔
خیال رہے کہ 25 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں مسلح افراد نے خار کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
پاک فوج نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا جب کہ محسن داوڑ موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
بعد ازاں پاک فوج نے چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں محسن داوڑ کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔