کوئٹہ کے علاقے سریاب میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک کانسٹیبل سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سریاب کے علاقے کلی ابڑو میں افطاری کے وقت دو نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک کانسٹیبل عبدالمالک پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے، ایک راہگیر بھی فائرنگ کی زد میں آ گیا۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ایس ایچ او سریاب جو علاقے میں گشت کر رہے تھے اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملزمان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہ پہنچ گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر کے مشکوک زخمی دہشت گرد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی کسی گروپ نے اس واقعے کی ذمے داری قبول کی ۔