وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش ہوچکی ہے، کل بنا دور بین کے باآسانی دیکھا جاسکے گا۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ آج(پیر کو)3 بج کر 2 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوچکی ہے لیکن دیکھا نہیں جاسکا کیونکہ چاند کی چمک اعشاریہ 1 فیصد تھی اور چاند اور سورج کے غروب ہونے کا وقت بھی ایک ہی تھا۔ کل (منگل کو ) چاند 28 گھنٹے کا ہوگا اور صاف دکھائی دے گا۔
انہوں نے کہا کہ کل (منگل کو ) کراچی اور گوادر کی ساحلی پٹی سے چاند دوربین کے بغیر بھی با آسانی دیکھا جاسکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی 66 مقامات پر دور بینیں لگی ہوئی ہیں، شہری ان مقامات پرجا کر چاند دیکھ سکتے ہیں ہم نے ہجری کیلنڈر بنا کرویب سائٹ پرڈال دیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ منگل کو پاکستان میں آخری روزہ ہوگا اور بدھ کو پورے ملک میں ایک ساتھ عید منائی جائے گی ، چاہتے ہیں کہ عید کی خوشیاں ایک ساتھ ہی منائی جائیں۔