مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے منگل کو عید منانے کا اعلان کر دیا۔
خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کی تاریخی مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت رویت ہلال کیلیے علمائے کرام کاغیر سرکاری اجلاس ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے چاند کی رویت اور کل بروز منگل عید منانے کا اعلان کیا۔
مفتی پوپلزئی نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سے چاند کی رویت کی 23 جبکہ شمالی وزیرستان سے چاند کی 14 شہادتیں موصول ہوئیں۔
لکی مروت میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس دارالعلوم اسلامیہ میں مولانا حبیب اللہ حقانی کی زیر صدارت ہوا اور چاند کی شہادتیں موصول ہونے پر عید کا اعلان کر دیا گیا۔
بنوں میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جیلانی مسجد میں منعقد ہوا اور کمیٹی نے 48 شہادتیں موصول ہونے کے بعد منگل کو عید الفطر کا اعلان کر دیا۔
مردان کی ضلعی رویت ہلال کمیٹی نے بھی 3 شہادتیں موصول ہونے کے بعد عید الفطر کے چاند کا اعلان کیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں ضلعی ناظم احتشام خان اور نائب ناظم اسد کاشمیری بھی شریک تھے۔