شمالی وزیر ستان کے علاقے خار کمر میں دہشت گردوں کے بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کے تین افسران اور ایک جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خار کمر میں فورسز کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنا ہوا ہے جہاں دہشت گردوں نے فوجی گاڑی کو سڑک پر نصب بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا جس کے باعث پاک فوج کے تین افسران لیفٹیننٹ کرنل، میجر، کیپٹن سمیت ایک جوان شہید جب کہ چار جوان زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں کریم آباد ہنزہ کے رہائشی لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، کراچی کے رہائشی میجر معیز مقصود بیگ، لکی مروت سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عارف اللہ اور چکوال سے تعلق رکھنے والے لانس حوالدار ظہیر شہید شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ اسی علاقے سے چند دن قبل فورسز نے سرچ آپریشن کر کے چند سہولت کاروں کو پکڑا تھا اور پچھلے ایک ماہ میں فورسز کے 10 جوان شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں۔