برطانوی پولیس نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو ضمانت پر رہا کردیا۔
لندن پولیس کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف شواہد نا کافی ہیں جس کی وجہ سے انہیں رہا کیا جا رہا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کو گزشتہ روز صبح سویرے لندن میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا تھا۔بانی ایم کیو ایم کی رہائش گاہ پر چھاپے میں 15 پولیس افسروں نے حصہ لیا تھا، الطاف حسین کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016 کی نفرت انگیز تقریر پر کی گئی تھی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق بانی ایم کیو ایم سے تفتیش گزشتہ رات برطانوی وقت کے مطابق رات 10 تا 12 بجے تک کی گئی اور اس دوران لندن پولیس نے ان سے جو سوالات کیے ان کا الطاف حسین نے کوئی جواب نہیں دیا۔
بانی ایم کیو ایم نے صرف اپنا نام، تاریخ پیدائش اور گھر کا پتا پولیس کو کنفرم کیا جب کہ دورانِ تفتیش الطاف حسین کے وکلا بھی ان کے ساتھ تھے۔
اس کے علاوہ پولیس نے بانی ایم کیوایم کے گھر اور ایم کیو ایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کی تلاشی مکمل کرلی ہے جہاں سے الطاف حسین کی تقاریر سے متعلق مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔