40 ویں اوورز کے بعد پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔فائل فوٹو
40 ویں اوورز کے بعد پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔فائل فوٹو

آسٹریلیا کے 308 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری

کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا کے 308 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور گرین شرٹس نے 14 اوورز میں 2 وکٹوں پر72 رنز بنا لیے ہیں۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 2 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری جو صفر پر پویلین لوٹ گئے، ابتدائی نقصان کے بعد امام الحق اور بابر اعظم ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم بابر اعظم 56 کے مجموعے پر چلتے بنے، انہوں نے 30 رنز بنائے جس میں 7 چوکے بھی شامل تھے۔

ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے اننگز کا آغاز پر اعتماد اور جارحانہ انداز میں کیا اور 146 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔

ایرون فنچ نے 84 گیندوں پر 82 رنز بنائے تاہم محمد عامر کی گیند پر وہ محمد حفیظ کو کیچ دے بیٹھے، ون ڈاؤن آنے والے اسٹیو اسمتھ نے 10 رنز بنائے تاہم وہ حفیظ کی گیند پر آصف علی کو کیچ دے بیٹھے، آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گلین میکسویل تھے انہوں نے صرف 20 رنز بنائے جب کہ اوپننگ کے لیے آنے والے ڈیوڈ وارنر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کی، ڈیوڈ وارنر 107 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بنے۔

40 ویں اوورز کے بعد پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہیں کیا، شان مارش نے 23 اور عثمان خواجہ نے 18 رنز بنائے تاہم محمد عامر نے دونوں کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کولٹر نائل کو صرف 2 رنز پر وہاب ریاض نے آؤٹ کیا۔

ایک وقت پر ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا 350 سے زائد رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوجائے گا تاہم محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 آسٹریلین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس کی بدولت آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 307 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔