سندھ اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا۔ اسپیکر اور اپوزیشن ارکان میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ حزب اختلاف کے ارکان پلے کارڈ ایوان میں لے آئے۔
اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا اور کراچی کو پانی دو سمیت دیگر نعرے لگاتے رہے۔ شور شرابے میں آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے وقفہ دعا کے بعد ہی پوائنٹ آف آرڈر پر ریکوزیشن کیے گئے اجلاس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شور مچا دیا۔
اپوزیشن اراکین نے ایوان میں پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران ہی پیپلز پارٹی کے جام مدد علی نے آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف قرارداد مذمت پیش کر دی۔ حکومتی اراکین نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
اس موقع پر اسپیکر نے اپوزیشن کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ گورنر نے سندھ جیل خانہ جات واصلاحی خدمات کے بل کو منظور کر لیا ہے۔ اجلاس جمعرات دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔