محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کے مغربی ساحل سے آنے والے طوفانی وایو نے پاکستان کا رخ کرلیا ہے اور اب یہ طوفان کراچی کے جنوب مغربی ساحلی علاقے سے محض 725 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔
طوفانی ہوائیں 135 سے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، طوفانی ہواؤں کے باعث سندھ کے اضلاع بدین، ٹھٹھہ اور تھرپارکر میں جمعرات اور جمعہ کو موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسی بھی ممکنہ حادثے کے پیش نظر ماہی گیروں کو بدھ کی شام سے جمعہ کی شام تک مچھلی کے شکار کے لیے سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ سندھ کے شہری اداروں کے لیے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وایو طوفان اس وقت بھارتی ریاست گجرات میں داخل ہوچکا ہے اور اب اس کا رخ سندھ کی جانب ہے، گرمی سے بے حال شہریوں کے لیے بارشوں کی پیش گوئی کسی خوش خبری سے کم نہیں تاہم اس موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔