روہت شرما نے 2 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پراپنی نصف سنچری مکمل کی
روہت شرما نے 2 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پراپنی نصف سنچری مکمل کی۔

بھارت نےپاکستان کو جیت کیلیے337 رنز کا مشکل ہدف دیدیا

کرکٹ ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دیدیا۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے ابتدا میں محتاط اندازاپنایا اور5 اوورز کے بعد کھل کرکھیلنا شروع کیا جس کے دوران گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ پر136 رنز جوڑے۔

روہت شرما نے 2 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پراپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ کے ایل راہل نے 69 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے بھی شامل تھے۔

بھارت کا اسکور 136 تک پہنچا تو کے ویل راہل وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 78 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے 98 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور شرما 85 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی 24ویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔

بھارت کا مجموعی اسکور 234 تک پہنچا تو روہت شرما 140 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاردک پانڈیا تھے جو 26 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر بابراعظم کو کیچ دے بیٹھے جب کہ محمد عامر نے ہی 298 کے مجموعی اسکور پر دھونی کو آؤٹ کیا جوہ ایک رن بناسکے۔

 کپتان ویرات کوہلی 77 رنز پر محمد عامر کا شکار بن گئے، وجے شنکر 15 اور یادیوو 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت  نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے تجربہ کار محمد عامر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز کے کوٹے میں 47 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ  وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 71 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

حسن علی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 84 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، شاداب خان نے 9 اوورز میں 61، عماد وسیم نے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔

دوسری جانب برطانوی محکمہ موسمیات نے پاک بھارت میچ کے بارش سے متاثر ہونے کی پیش گوئی کی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کی اننگز کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔

بھارت کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور آصف علی کی جگہ اسپنر شاداب خان اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہے۔