اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے میزبان اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن آج ( پیر کے روز) اے پی سی کے ایجنڈے پر مشاورت کیلیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتیں کریں گے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے شیڈول پر بھی مشاورت کی جائے گی،رواں ماہ کے اواخر میں حکومت مخالف تحریک کیلیے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد متوقع ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن کی تینوں بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کی قیادت کے درمیان کل سوموار کے روز اسلام آباد میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے اہم معاملات پر مشاورت ہوگی، آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں اپوزیشن کی مشترکہ ٹیم نامزد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
مولانا فضل الرحمن حکومت مخالف تحریک کے ایجنڈے پر بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہباز شریف کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت یہ ملاقاتیں مولانا فضل الرحمن کی اسلام آباد میں اقامت گاہ پر ہوگی، بلاول بھٹو زرداری ملاقات کیلیے آئیں گے۔
بعدازاں قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات ہوگی۔ ان اہم ملاقاتوں میں اے پی سی کے ایجنڈے اور شیڈول کا اعلان کیے جانے کا قوی امکان ہے۔