وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوششوں سے دنیا پاکستان کو اہم ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے سینیٹرز کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سینیٹرشبلی فراز، معاون خصوصی نعیم الحق اور سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔
حکومتی سینیٹرز نے وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کا جواب دینے کے لیے متعلقہ وفاقی وزیر نہیں آتے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام سینیٹرز سینیٹ میں 100 فیصد حاضری یقینی بنائیں اورایوان میں جارحانہ حکمت عملی اپنائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام پارلیمنٹیرینز کو اپنے حقوق اور امنگوں کے ترجمان کی حیثیت سے دیکھتے ہیں، اراکین جب عوام کی آواز بنتے ہیں تو عوام کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے دنیا پاکستان کو اہم ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے اور انشاء اللہ جلد ہمارا ملک ترقی اورخوش حالی سے ہمکنار ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قرضوں سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کا اعلان آج کردوں گا۔
بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اس موقع پر قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کو آگے بڑھانے کیلیے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں وفاقی بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔
اجلاس کے دوران شرکا کو قرضوں سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کے نام کا اعلان آج کردوں گا۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ 10 سال میں لیے گئے قرضوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔