معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاک دامن انسان ہیں ، دنیا ان کی عزت کرتی ہے ، پارلیمنٹ کے باہر آکر اقامہ آصف نے تقریر کی، خواجہ اقامہ آصف بیرون ملک سے تنخواہ لیتے رہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر آکر اقامہ آصف نے تقریر کی ، اسپیکر چیمبر کے باہر شور شرابہ کرکے جمہوریت کا مذاق اڑایا گیا ۔
نومولود سیاسی قیادت حکومت کو کیا چیلنج دے گی۔ پہلے انہوں نے ہی زرداری کو جیل کے اندر رکھا، آج انہیں سیاسی قیدی کہہ رہے ہیں۔ میڈیا اپوزیشن سے پوچھے زرداری پہلے ٹھیک تھے یا اب؟
انہوں نے کہا کہ سیاسی ریلو کٹے کہتے ہیں کہ حکومت کیخلاف احتجاجی ریلی نکالیں گے ، نومولود سیاسی قیادت حکومت کو کیا چیلنج دے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ذات پر حملہ کرنیوالے سن لیں ، وہ کرپٹ نہیں ہیں، وزیر اعظم پاک دامن انسان ہیں ، دنیا ان کی عزت کرتی ہے، ہمیں فخر ہے کہ عمران خان پارلیمنٹ کولیڈ کررہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کا استحقاق، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کو تہس نہس کرنے والا ٹولہ حکومت سے دس ماہ کا حساب مانگ رہا ہے۔ عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا، پانچ سال بعد عوام کو جواب دیں گے۔ لوٹ کھسوٹ والا ٹولہ دس ماہ کی حکومت سے حساب نہیں مانگ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی عدالت سے مسترد ہونے والے ادھار کی آکسیجن پر چل رہے ہیں، اپوزیشن نہیں چاہتی ہے کہ معیشت مستحکم ہو ، ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ تباہ معیشت کو عمران خان کھڑا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ عمران خان قوم کو مایوس نہیں کریں گے ،ریلو کٹے اکھٹے ہو رہے ہیں،سیاسی ریلو کٹے ادھار کی آکسیجن لینے رائیونڈ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ اقامہ آصف بیرون ملک سے تنخواہ لیتے رہے ، اپوزیشن ہاتھ ملتی رہ جائیگی ، ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ، عوام اپوزیشن کے ورغلانے میں نہیں آئیں گے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ مریم نواز پہلے اپنی پارٹی میں گروپ بندی ختم کرا لیں، پہلے اپنی صفوں میں انتشار ختم کرائیں ، پھرحکومت گرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں سے مل کر بجٹ پاس کرائے گی ۔