بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہےکہ پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہےکہ پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں

بھارت نے پاکستان سے جامع مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی

بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نے وزیر اعظم عمران خان اورشاہ محمود کے تہنیتی خط کے جواب میں خطوط بھجوائے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت امن اور ترقی کے لیے پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بھارت کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی اور جے شنکر کو الگ الگ خط لکھے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو دوبارہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی۔

نریندرا مودی اور جے شنکر کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے، بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے، امن اور ترقی کے لیے بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے، مذاکرات میں دہشت گردی کے معاملے پرخصوصی توجہ ہونی چاہیے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی خطوط میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور ازسرنو مذاکرات کی بات کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں امن اور ترقی چاہتا ہے۔

خط کے متن کے مطابق بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے اور پاکستان کی طرف سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھارتی ہم منصبوں کے خطوط کا جلد جواب دیں گے۔