وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے ریلوے کرایوں میں 6 سے 7 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ایندھن کی قیمت بڑھنے کا سب سے زیادہ اثر ریلوے پر پڑا ہے، یکم جولائی سے ریلوے کرایوں میں اضافہ کیا جائے گا، ریلوے کرایوں میں 6 سے 7 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ 50 کلومیٹر کے سفر پر کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اکانومی کلاس میں 100 روپے تک کرایے میں اضافہ ہوگا، جو ریلوے ٹکٹس خریدی جاچکی ہیں اس پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تقریریں کرنا اپوزیشن کا حق ہے، میثاق معیشت کی حمایت کرتا ہوں، میثاق معیشت طے پاچکا، کیا اب وہ تقریریں بھی نہ کریں، ابو کی رہائی مہم کمپنی کی مشہوری ہے، دھرنے کے لئے200 دن چاہیے ہوتے ہیں، یہ چاہتے ہیں مولانا فضل الرحمان کو چندہ دیکر بندے منگوا لیں، احتساب کے لئے عمران خان سے بہتر کوئی آپشن نہیں۔