سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کو کراچی سینڑل جیل سے رہا کر دیا گیا۔
آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کے مطابق انہیں ملزم کی ضمانت منظور ہونے کے بعد رہائی کے احکامات مل گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شرجیل میمن سندھ اسمبلی کے اجلاس سے جیل آئے اور قانونی کارروائی مکمل کر کے انہیں باہر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے اُن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دیا ہے۔
شرجیل میمن نے کرپشن کے نیب ریفرنس میں درخواست ضمانت دائر کی تھی جس پرآج عدالت نے محفوظ کردہ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے شرجیل میمن کو 50 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور اُن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا بھی حکم دیا۔
یاد رہے کہ اشتہارات کی مد میں قومی خزانے کو تقریباً پونے 6 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے ریفرنس میں دیگر13 ملزمان جیل میں ہیں۔