نجی ٹی وی پرچلنے والے سابق صدر آصف علی زرداری کے انٹرویو کو رکوادیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام کیپٹل ٹاک پر سابق صدر آصف علی زرداری کا انٹرویو کیا جارہا تھا۔ یہ پہلے سے ریکارڈ شدہ پروگرام تھا جو تھوڑی ہی دیر چلا لیکن پھر اسے بند کرادیا گیا۔
پروگرام بند ہونے کے بعد نجی ٹی وی پر ٹائم پورا کرنے کیلیے یا تو اشتہارات چلائے جارہے ہیں یا خبریں اور مختلف پروگرامز کے پرومو چلا کر وقت پورا کیا جارہا ہے۔
پروگرام کے اینکر حامد میر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ چند منٹ بعد ہی آصف زرداری کا چلنے والا انٹرویو رکوادیا گیا اور جن لوگوں نے یہ انٹرویو رکوایا ہے ان میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ سرعام اس کو قبول کرسکیں۔
Interview of Asif Zardari stopped on Geo News within few minutes those who stopped it have no courage to accept publically that they stopped it
— Hamid Mir (@HamidMirPAK) July 1, 2019
حامد میر نے اپنے ناظرین سے معذرت کی اور کہا کہ وہ بہت جلد اس حوالے سے تفصیلات منظر عام پر لے آئیں گے لیکن ناظرین کیلئے یہ سمجھنا مشکل نہیں ہوگا کہ انٹرویو کس نے رکوایا ہے، ’ ہم ایک آزاد ملک میں نہیں رہ رہے۔‘
I can only say sorry to my viewers that an interview was started and stopped on Geo New I will share the details soon but it’s easy to understand who stopped it?We are not living in a free country
— Hamid Mir (@HamidMirPAK) July 1, 2019
حامد میر نے کہا کہ جیسے ہی ٹی وی پر یہ اعلان کیا گیا کہ آج کا کیپٹل ٹاک نشر نہیں کیا جائے گا تو انہیں دنیا بھر سے فون کالز موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں اور لوگ وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حامد میر نے کہا کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ریاست خود پاکستان کو بدنام کر رہی ہے۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ اس میں غلط ہی کیا ہے کہ انہوں نے سابق صدر آصف زرداری سے کچھ سوالات کیے اور انہوں نے اس کے جوابات دیے، کیا آصف زرداری سابق ترجمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان احسان اللہ احسان سے بڑے مجرم ہیں؟ حامد میر نے بتایا کہ احسان اللہ احسان نے آفیشل کسٹڈی کے دوران انٹرویو دیا تھا جبکہ آصف زرداری کا انٹرویو پارلیمنٹ ہاﺅس میں کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے حامد میر کا پروگرام بند ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں سابق صدر آصف علی زرداری کا انٹرویو کیا جارہا تھا جو تھوڑی ہی دیر نشر ہوا جس کے بعد پروگرام اچانک اسکرین سے غائب ہوگیا۔
مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے حامد میر کا پروگرام بند ہونے پر کہا ’کیپٹل ٹاک اچانک اسکرین سے غائب ہوگیا کہیں اسے بھی تو اے این ایف نے گرفتار نہیں کرلیا؟‘۔ خیال رہے کہ پروگرام بند ہونے پر اینکر پرسن حامد میر نے ٹوئٹر پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک آزاد ملک میں نہیں رہ رہے۔