مقبول ترین ملی نغمے ’’دل دل پاکستان‘‘ کے شاعر نثار ناسک انتقال کرگئے۔
نثار ناسک گزشتہ چند برسوں سے شدید بیمار تھے، انہوں نے آخری ایام حکومتی بے حسی اورغربت کے باعث نہایت کسمپرسی میں گزارے۔
1987 میں مشہور پاپ بینڈ وائٹل سائنس کی جانب سے پیش کیا جانے والا ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان‘‘ پاکستان کا مشہور ترین ملی نغمہ ہے جسے جنید جمشید نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا۔
اس ملی نغمے نے جنید جمشید کوراتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچادیا۔ ’’دل دل پاکستان‘‘ کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسے پاکستان کا دوسرا قومی ترانہ بھی کہا جاتا ہے۔ دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی یہ ملی نغمہ بچے بچے کی زبان پر ہے۔
1943 میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والے شاعر نثار ناسک نے’’دل دل پاکستان‘‘ کی شاعری لکھی تھی، نثار ناسک کو اردو لٹریچر میں بہترین خدمات انجام دینے کے لیے پی ٹی وی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیاتھا۔