عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ 17جولائی کو سنانے کا اعلان کر دیا۔
کیس کا فیصلہ عالمی عدالتی انصاف کے صدرعبدالقوی یوسف پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے سنائیں گے۔
عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 فروری سے 21 فروری تک جاری رہی تھی،18 فروری کو بھارت نے کلبھوشن کیس پر دلائل کا آغاز کیا اور 19 فروری کو پاکستان نے اپنے دلائل پیش کیے۔
20 فروری کو بھارتی وکلا نے پاکستانی دلائل پر بحث کی اور 21 فروری کو پاکستانی وکلا نے بھارتی وکلا کے دلائل پر جواب دیے جب کہ سماعت مکمل ہونے کے بعد عالمی عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ عالمی عدالت رواں ماہ سنائے گی اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ فیصلہ جولائی کے آخری ہفتے میں سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔