احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع سے متعلق نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔
احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی تو شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب نے حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران فریقین وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے حمزہ شہباز کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے نیب کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے ہدایت کی کہ 20 جولائی کو حمزہ شہباز شریف کو دوبارہ پیش کیا جائے۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اورغیرمتعلقہ افراد کا داخلہ روک دیا گیا جب کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر موجود رہی۔
یاد رہے کہ رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے تاہم دونوں ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکارپرعدالت نے گواہان کو طلب کیا تھا۔