کئی لاپتہ افراد افغانستان میں یا کہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کا حصہ ہیں۔فائل فوٹو
کئی لاپتہ افراد افغانستان میں یا کہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کا حصہ ہیں۔فائل فوٹو

ہر لاپتہ شخص کوریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہر لاپتہ شخص کی گمشدگی کو ریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے انسانی حقوق کی تنظیم ’ڈیفنس آف ہیومن رائٹس‘  کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں لاپتہ افراد کے معاملے پر بات کی گئی۔

اس موقع پر پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہر لاپتہ شخص کی گمشدگی کو ریاست سے نہیں جوڑا جاسکتا، کئی لاپتہ افراد افغانستان میں یا کہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کا حصہ ہیں، جب کہ کئی لاپتہ افراد ٹی ٹی پی کی طرف سے لڑتے ہوئے مارے گئے، اور جو افراد ریاست کے پاس ہیں وہ قانونی عمل سےگزر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آمنہ مسعود جنجوعہ نے ریاست اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں اور ہمدردیوں کو تسلیم کیا۔

آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ غیر ریاستی عناصر کو متاثرہ خاندانوں کا استحصال کرنے نہیں دینا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے آمنہ مسعود جنجوعہ کو بتایا کہ ہمارے دل لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے ساتھ  دھڑکتے ہیں، لاپتہ افراد کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن سمیت حکومت اور سیکیورٹی فورسز بھی کام کر رہی ہیں اور اس معاملے پرجی ایچ کیو میں اسپیشل اسسٹنس سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔