سابق صدر آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت جانے میں صرف 6 ماہ رہ گئے ہیں، مستقبل بلاول بھٹو اور مریم نواز کا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں کیساتھ چائے پر گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں سویلین مارشل لا ہے، پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا پارلیمانی اخلاقیات کے خلاف ہے۔سیاست میں کسی بات پر غلطی ہو جاتی ہے،مان لیتا ہوں کہ ہو سکتا ہے مجھ سے بھی غلطی ہوئی ہو۔
آصف زرداری نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت جانے میں 4 سے 6 ماہ مزید رہ گئے ہیں۔ عمران خان کو بھیجنے والے ہم خود ہوں گے، اس کے بعد انشا اللہ سویلین حکومت بنے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل بلاول اور مریم نواز کا ہے، ہم صرف ان کو نصیحت کریں گے۔ خطرہ مجھ سے نہیں بلکہ ہماری سیاست اور پیپلز پارٹی کی طاقت سے ہے، بلاول ہماری طاقت ہے۔ زرداری نے کہا کہ انشا اللہ یہ بلاول کی شادی کا سال ہو سکتا ہے۔