وزیر اعظم مان لیں کہ وہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ ہے۔فائل فوٹو
وزیر اعظم مان لیں کہ وہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ ہے۔فائل فوٹو

وفاق کی نالائقی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں۔بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عمران خان سن لو، اٹھارہویں ترمیم اور جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ، عمران خان انصاف کی بات کرتے تھے ، آج انتقام کی سیاست کررہے ہیں،عوام کے دلوں میں وہی زندہ رہ سکتاہے جس نے عوام کومانا ہو، ضیاءالحق اور مشرف کا آج کوئی نام لینے والانہیں ۔

لوئر دیر میں جلسے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ آج بھی ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چھپے ہوئے سلیکٹڈ وزیر اعظم سے ہے ، حضرت علیؓ کا قول ہے کہ انسان کا اصل چہرہ دیکھنا ہوتو اس کودو چیزیں دیدو ، طاقت اور دولت ، اس کا اصل چہرہ سامنے آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے عمران خان انصاف ، میڈیا کی آزادی ،عدلیہ کی آزادی کی بات کرتے تھے لیکن آج عدلیہ پر حملہ آور اور میڈیا کا گلا گھونٹ رہاہے ، مہنگائی کرکے غریب کا جینا دوبھر کردیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حالات کواس نہج پر لے آئے ہیں کہ لوگ اس کے اقتدار کے پہلے ہی سال اس کے جانے کی دعا کررہے ہیں ، سڑکوں پرنکل رہے ہیں، سب پریشان ہیں بلکہ اس کو سلیکٹ کرنے والے بھی پریشان ہیں کہ ہم نے کس نالائق کوسلیکٹ کیاہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے تو ایک سال میں تین بجٹ لیکر آئے اور پھر اس عوام دشمن نے اس ملک کے ساتھ کیا کیاہے ؟ بجلی ، دالیں ،پٹرول ، دوائیاں ، جینا اور مرنا مہنگا کردیاہے لیکن خون سستا ہے ۔

بلاول نے کہا کہ وفاق کی نالائقی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں، پنجاب ، سندھ اور کے پی کوحصہ سے کم پیسہ دیا جارہاہے ، کے پی کوچالیس ارب روپیہ کم دیا جارہاہے ، ذراسوچیں کہ چالیس ارب سے ہم کیا کچھ کرسکتے تھے ؟ کتنے نئے ہسپتال اور کتنے نئے اسکول بناسکتے تھے ؟ یہ عوام کا پیسہ ہے ، یہ آپ کے ٹیکس کے پیسہ ہے جو آپ کی خدمت پر خرچ ہونا چاہیے ، یہ اسلام آباد کی کٹھ پتلی کا حق نہیں ہے کہ وہ فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تو کہتا تھا کہ جب میں وزیر اعظم بنوں گا تو سب ٹھیک ہوجائے گا ، لو گ مجھ ایماندار کو اتنا پیسہ دیں گے کہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی لیکن اس وقت اتنا کم ٹیکس اکٹھاہواہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا اور اب اس کمی کوپورا کرنے کیلیے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جارہاہے ، یہ اے این ایف ایوارڈ پر ڈاکہ ڈال کر صوبوں کاحق چھیننا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  وہ آئین جس کے لیے ذوالفقار علی بھٹونے پھانسی اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے شہاد ت قبول کی یہ اس کوتبدیل کرنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان سن لے کے شہیدوں کے خون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، میری پارٹی اور خاندان کوجیل بھیج دو لیکن اصولوں پر سمجھوتہ ہوسکتا،انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم اورجمہوریت پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

بلاول نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آئی زرعی اصلاعات کی گئیں ، ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان سے نوابی نظام ختم کیا جو کبھی زمین کے مالک نہیں بن سکتے تھے ، ان کو زمین دی ، اس ملک کو آئین دیا ،ایٹمی طاقت بنایا ، لوگوں کوحقوق دیئے اور جینے کا شعور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں جو بھی ترقیاتی کام آپ کو نظر آئے گا تو وہ پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہوگا۔