پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سارے کرپٹ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں تاکہ نیب کی نظر نہ پڑے،2018 میں نالائقوں کی حکومت لانے کیلیے نوازشریف کو جیل میں ڈالا گیا،عوامی ریلا سلیکٹڈ وزیراعظم کو بہا کرلے جائے گا۔
چکوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تمام میدانوں میں قطعی طو رپر ناکام ہوچکی ہے اور انتقام کے نشے میں اپوزیشن کو دبانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے نوازشریف کو جیل میں اس لیے ڈالا کہ وہ ’’وزیراعظم نوازشریف‘‘ کے نعرے سے ڈرتا ہے،نوازشریف کا قصور یہ ہے کہ اس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، نوازشریف کا قصور یہ ہے کہ ملک میں وہ سی پیک لایا، نوازشریف کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملک میں 1600کلومیٹر موٹروے بنائی اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا۔
انہوں نے کہا کہ جتنے شیروں کو گرفتار کرنا ہے کرلو لیکن تم نالائق , نااہل اور سلیکٹڈ ہی رہو گے،خیبر سے کراچی تک عوام جاگ رہے ہیں اور عوامی ریلا سلیکٹڈ وزیر اعظم کو بہا کر لے جائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2018 میں نالائقوں کی حکومت لانے کیلیے نوازشریف کو جیل میں ڈالا گیا،سارے کرپٹ تحریک انصاف میں شام ہوگئے ہیں تاکہ ان پر نیب کی نظرنہ پڑے.