مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ماڈل ٹاؤن میں سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ناراض ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے،جن میں جلیل شرقپوری، مولانا غیاث الدین، نشاط احمد ڈاہا شامل تھے۔
اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی وضاحت پیش کی مگرساتھ ہی یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اورپارٹی کے ساتھ رہیں گے۔
اس موقع پر اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم سے ملاقات سے پہلے پارٹی کواعتماد میں نہ لینے پرغلطی کااعتراف کرلیا۔
اراکین اسمبلی نے کہا پہلے بھی پارٹی کے ساتھ تھے اوراب بھی ساتھ کھڑے ہیں،پارٹی میں فارورڈ بلاک کا سوچ بھی نہیں سکتے،ہمارے حلقوں میں پی ٹی آئی کے ارکان مشکلات پیدا کررہے تھے جن کے ازالے کیلیے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
مولانا غیاث الدین نے کہا عمران خان بھارت کے وزیراعظم نہیں کہ ان پر ملاقات کی پابندی ہو ،ان سے حلقے کے مسائل کے حل کیلیے ملے جس کے ازالے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔
وضاحت کے بعد میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ وہ وضاحت سے مطمئن ہیں جبکہ خلیل طاہر سندھو نے بتایا کہ ارکان نے کچھ کاموں کے سلسلے میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔