وکلا کی جانب سے احتجاجی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔فائل فوٹو
وکلا کی جانب سے احتجاجی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔فائل فوٹو

ججز ریفرنس کی سماعت پر سپریم کورٹ میں وکلا کا احتجاج

سپریم کورٹ میں ججز کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جب کہ اس موقع پر وکلا کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔

ججز کے خلاف صدارتی ریفرنسز پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں کونسل ریفرنسز کا جائزہ لے رہی ہے،اس موقع پر سپریم کورٹ کے احاطے میں وکلا کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور وکلا کی جانب سے احتجاجی بینرز بھی آویزاں کیے گئے ۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس پر بلوچستان بار کونسل، بلوچستان ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن و دیگر وکلا تنظیموں کی جانب سے عدالتی بائیکاٹ اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا جب کہ پاکستان بار کونسل نے بھی صدارتی ریفرنسزپرملک گیر ہڑتال کی کال دیتے ہوئے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ پراہلیہ اور بیٹے کی بیرون ملک جائیداد چھپانے کا الزام ہے جس پرحکومت کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔