سندھ پولیس میں اعلیٰ سطح پر تبادلے اورتقرریوں میں کراچی پولیس کے چیف امیر شیخ کوعہدے سے ہٹادیا گیا۔
جیونیوز کےمطابق سندھ پولیس میں اعلیٰ سطح کے تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں جس کے تحت 7 اعلیٰ پولیس افسران کو تبدیل کردیا گیاہے۔
اس حوالے سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے افسر کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کا تبادلہ کرکے انہیں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز تعینات کیا گیا ہے جب کہ ان کی جگہ تعیناتی کے منتظر پولیس سروس پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن کو کراچی پولیس کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد غلام سرور جمالی کو عہدے سے ہٹاکر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ ان کی جگہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کی ذمہ داریاں انجام دینے والے گریڈ 21 کے پولیس افسر ولی اللہ دل کو ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد تعینات کیا گیا ہے۔
پولیس سروس پاکستان کے عمران یعقوب منہاس کو گریڈ 21 میں ترقی دے کر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ لگایا گیا ہے جب کہ گریڈ 20 کے افسر فرحت جونیجو کو ڈی آئی جی اسپیشل برانچ لگایا گیا ہے۔
پولیس سروس کے 20 گریڈ کے افسر قمر زمان کو ڈی آئی جی ٹریفک، لائسنس اور ٹریننگ برانچ تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کا تبادلہ کرکے ان کی جگہ پولیس سروس آف پاکستان کے 21 گریڈ کے افسر امیر شیخ کو کراچی پولیس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، انہوں نے تقریباً 11 ماہ ذمہ داریاں انجام دیں۔