سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شہباز شریف کے خلاف خبر لگوانا شہزاد اکبر کا کارنامہ ہے،وزیراعظم عمران خان اور مشیر برائے احتساب کے پاس ثبوت ہیں تو نیب کو فراہم کریں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ذاتی عناد میں اس حد تک نہیں جانا چاہیے، جس فنڈ کا الزام لگایا جا رہا ہے اس کا شہباز شریف سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم عمران خان اور مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے پاس ثبوت ہیں تو نیب کو دیں۔
نوید اکرام پنجاب پاور کمپنی میں تھے ان کو شہبازشریف نے کرپشن پرنکالا تھا۔ ان سے 40 کروڑکی ریکوری ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ امداد دینے والے برطانوی ادارے کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف نے ہتک عزت کا دعویٰ کیا، وزیراعظم عمران خان کا وکیل پیش نہ ہوا۔ عمران نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام لگایا تھا وہ بھی غلط ثابت ہوا ۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایرا کے فنڈز سے پنجاب حکومت کا کوئی تعلق نہیں تھا، عجیب تماشا، عجیب جھوٹ ہے، اگرایرا کیخلاف کیس بنانے ہیں تو پرویز مشرف کیخلاف بھی بنایا جائے۔ شہبازشریف برطانوی عدالت میں ہتک عزت کادعوی دائر کر رہے ہیں۔ شہزاد اکبر بتائیں بیرون ملک دوروں پر کتنے پیسے خرچ کیے ہیں۔